بجلی بندش 18گھنٹے تک جاری پہنچی، ملتان، خانیوال، بہاولپور میں احتجاج
ملتان، وہاڑی، عبدالحکیم ، بہاولپور (سٹاف رپورٹر، نمائندگان) ملتان سمیت میپکو ریجن میں بجلی کی بڑھتی لوڈ شیڈنگ نے صارفین کی زندگی عذاب بنا دی گھروں اور مساجد میں پانی نایاب حکومت کیخلاف مظاہرے ملتان سے سٹاف رپورٹر کیمطابق ملتان سمیت میپکو ریجن میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے ‘ گزشتہ روز18گھنٹے تک بجلی بند کی گئی ‘ ٹرپنگ اور وولٹیج کی کمی نے صورتحال بدترین کر دی ‘ مختلف علاقوں میں مساجد اور گھروں میں پانی ختم ہو گیا‘ عوام نے حکومت کے خلاف مظاہرے کئے‘صارفین کے مطابق بحالی و مرمت کے نام پر گھنٹوں بجلی بند کی جا رہی ہے ‘اس کے بعد شیڈول کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی جاتی ہے۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ+تحصیل رپورٹر کیمطابق ملکی تاریخ میں ایک بار پھر بجلی کی طویل غیر اعلانیہ بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ عروج پر پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے بجلی کے متبادل ذرائع یو پی ایس جنریٹر وغیرہ دے گئے ، مریض ، بچے ، بوڑھے ، خواتین کی مشکلات او ر پریشانی بڑھنے لگی جس پر عوامی وسماجی او رشہری حلقوں اصغر علی ، لیا قت علی ، محمد ریا ض ، الیا س محمد ، محمد امین ، سلامت علی ، کرامت علی ، ضیاء قمر، یعقوب علی ، محمد دین ، محمد ندیم ودیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے ایک بار پھر بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس سے ہر طبقہ پریشان ہے انکی مشکلات بڑھ چکی ہیں عبدالحکیم سے نامہ نگار کیمطابق عبدالحکیم کبیروالا خانیوال اور گردونواح میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے سے تجاوز کر گیا گھنٹوں بجلی بند ہونے سے کاروبارزندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے ،تمام علاقوں کے شہری پینے کے پانی کی بوند بوند کو ترسنے لگے بجلی کی طویل بندش کی وجہ پوچھنے پر واپڈااہکار شہریوں سے بدتمیزی کرنے لگے ہیں۔ بہاولپور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کیمطابق بجلی کے شارٹ فال میں اضافہ بہاولپورکے شہریوں کیلئے عذاب بن گیابہاولپورمیں لوڈشیڈنگ کادروانیہ18 گھنٹے تک پہنچادیاگیا بے مہاراوربے ہنگم لوڈشیڈنگ نے پورانظام زندگی تہس نہس کردیاشدیدگرمی کے باعث لوگ نیندسے بھی محروم رہنے لگے شہریوں کاشدیداحتجاج حکومتی زعماکوکوسنے ملک میں بجلی کی پیداوار میں شدید کمی کے باعث واپڈا نے بہاولپورمیں بے مہار اوربے ہنگم لوڈشیڈنگ کاسلسلہ شروع کررکھاہے ہرآدھ گھنٹے کے بعدمتواتر کئی کئی گھنٹے بجلی بندکردی جاتی ہے اوراس کی بندش کادورانیہ18 گھنٹوں تک جاپہنچتاہے پوراشہر کانظام تہس نہس ہوکررہ گیاشدیدگرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہری سوبھی نہیں سکتے اورنہ ہی زندگی کے دیگرامور انجام دے سکتے ہیں گھروں میں پانی تک نایاب ہوگیاہے۔