پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے انتخابات میں چودھری خالد حسین کے گروپ کی جیت
دبئی (طاہر منیر طاہر) 30 ستمبر 2016ءکو پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے انتخابات برائے سال 2018-17ءرامادا ہوٹل عجمان میں ہوئے جس میں دو گروپوں نے حصہ لیا۔ چودھری ظفر اقبال اور چودھری خالد حسین کے گروپ نے الیکشن سے قبل زبردست انداز میں الیکشن مہم جاری رکھی اور ووٹوں کے حصول کے لئے امیدواروں سے رابطہ کرتے رہے۔ چودھری ظفر اقبال جو کہ پہلے بھی پاکستان سوشل سنٹر شارجہ کے صدر رہ چکے ہیں انہیں اور ان کے گروپ کو حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل رہی جبکہ چودھری خالد حسین نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بغیر کسی سیاسی پارٹی کا سہارا لئے اپنی انتخابی مہم جاری رکھی۔ دونوں ہی پارٹیاں اپنے ووٹرز اور عوام الناس کو اپنے منشور سے آگاہ کرتے رہے اور ایک دوسرے پر سبقت لیجانے کی کوشش کرتے رہے۔ الیکشن کے دن ووٹرز کی ایک بھاری تعداد اپنے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے رامادا عجمان میں موجود تھی۔ ووٹوں کی گنتی کا سلسلہ شروع ہوا تو دونوں اطراف کے سپورٹرز کی بے قراری دیدنی تھی۔ ووٹوں کی گنتی کے بعد حاصل ہونے والے نتائج میں چودھری خالد حسین 359 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ چودھری ظفر اقبال 256 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
چودھری خالد حسین کے ساتھ کامیاب ہونے والوں میں امجد اقبال، چودھری افتخار، احسان اللہ خان، عمران اسلم، عمران رفیق، مسعود احمد، نصر ہاشمی، انیق ناصر، سعید اختر شامل ہیں۔ عوام الناس نے اس عطیم کامیابی پر چودھری خالد حسین اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارت میں مقیم پاکستان کمیونٹی کو درپیش مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔