سرجیکل اسٹرائیکس کے ذریعے دہشت گردوں کے خاتمے پر پاکستان کو بھارت کا شکر گزار ہونا چاہیے:عدنان سمیع کی ہرزہ سرائی
نئی دہلی (آئی این پی)پاکستانی شہریت ترک کرنے والے احسان فراموش گلوگار عدنان سمیع نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ انہوں نے سرجیکل اسٹرائیکس کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا،پاکستان دہشتگردوں کے خاتمے میں ناکام رہا ہے ۔بھارتی میڈیا کے مطابقعدنان سمیع نے کچھ روز قبل اپنی ٹوئیٹ کے ذریعے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی فوج کا شکریہ ادا کیا تھا جس کے بعد انہیں پاکستانیوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور اب انہوں نے ایک مرتبہ پھر پاکستان مخالف بیان دے دیا ہے۔انڈیا ٹوڈے کی ایک تقریب کے دوران گلوکار عدنان سمیع نے کہا کہ پاکستان کو بھارتی کا شکر گزار ہونا چاہیے کہ انہوں نے سرجیکل اسٹرائیکس کے ذریعے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا۔رپورٹ کے مطابق گلوکار کا کہنا تھا، اگر میں اپنے پڑوسی کے گھر سے کچرا گرتے ہوئے دیکھوں جو میرے گھر بھی آرہا ہو تو میں ان سے شکایت کروں گا، تاہم اگر میرا پڑوسی اس کچرے کو صاف کرنے میں ناکام رہا تو میں خود اپنے گھر کو صاف کرنے کے لیے اس کچرے کو صاف کروں گا، کیوں کہ آپ وہ کچرا صاف نہیں کرسکے، لہذا مجھے آپ کے گھر میں داخل ہوکر ایسا کرنا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ چار سال سے پاکستان کہہ رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کا شکار ہے، اب جبکہ آپ کے پڑوسی خود آپ کی مدد کررہے ہیں، آپ اسے تسلیم تک نہیں کررہے۔پاکستان پر بھارت سے ہاتھ ملانے پر زور دیتے ہوئے عدنان سمیع نے کہا کہ دہشت گردی کو ختم کرنا ہوگا، اگر آپ یہ اکیلے نہیں کرسکتے تو ہمیں مل کر کچھ کرنا ہوگا تاکہ ہمارے بچے امن سے اس دنیا میں رہ سکیں، اس کو ذاتی طور پر کیوں لیا جارہا ہے؟ آپ خود بھی جانتے ہیں کہ خود کش بمبار موجود ہیں جو مساجدوں میں خود کو دھماکے سے اڑا لیتے ہیں، تو اگر ایسے موقع پر کوئی آپ کی مدد کررہا ہے آپ کو اس کا شکر گزار ہونا چاہیے۔عدنان سمیع کی جانب سے کی گئیں گزشتہ ٹویٹس نے کئی پاکستانیوں کے جذبات کو مجروح کیا تھا، اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ انہوں نے ان ٹویٹس میں پاکستان کے خلاف ایک لفظ بھی استعمال نہیں کیا۔عدنان سمیع نے کہا کہ میری ٹویٹس ایک مشترکہ دشمن کے خلاف تھیں، وہ دشمن جو دونوں ممالک کے ساتھ پوری دنیا کو تکلیف پہنچا رہے ہیں۔