پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں مصنفہ سبینا خان کی تصنیف کی تقریب رونمائی
مانچسٹر( بیورورپورٹ) ڈاکٹر جاوید اقبال کی پہلی برسی کے موقع پر پاکستانی قونصلیٹ مانچسٹر میں ایک ادبی محفل اور مصنفہ سبینہ خان کی کتاب لائف آفٹر اقبال کی تقریب رونمائی منعقد کی گئی۔ جس میں مانچسٹر اور گرد و نواح سے اقبال اور علم وادب سے محبت کرنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت یونس پرواز نے حاصل کی تقریب کی نظامت کے فرائض پاکستانی قونصلیٹ کی ویلفیر اتاشی فضاء نیازی نے کی۔ کتاب کا تعارف کرواتے ہوۓ سبینہ خان نے کتاب کے مختلف حصوں سے اقتباسات پڑھ کر سنائیں ۔
ٹی وی پریزینٹر کامران پیرزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوۓ اقبال کی زندگی کی مختلف پہلو اجاگر کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمیں جتنی اقبال اور اقبال کی سوچ کی ضرورت ہے شاید وہ آج سے پہلے کبھی نہیں تھی۔ ہم نے قرآن کی طرح اقبالیات کو بھی طاق پر رکھ چھوڑا ہے ہمیں اقبال کے فلسفے کو عملی زندگی میں اپنانا ہوگا۔ ڈاکٹر شہناز سوم جی نے کلام اقبال کو خوبصورت انداز میں گا کر شرکاء سے داد وصول کی۔ برطانیہ کی مشہور نعت خوان اور ٹی وی ہوسٹ حسین حقانی نے اپنی خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول اور منقبت پیش کی جسے بے حد پسند کیا گیا۔ ڈاکٹر یونس پرواز نے بھی کلام اقبال سے چند اشعار پڑھے۔ قونصل جنرل ظہور احمد نے سبینہ خان کی اس کاوش کو بہت سراہا جس میں وہ اردو ادب اور اقبالیات کے فروغ کے لیے شب و روز کام کر رہی ہیں۔ انھوں نے اقبال اور ان کے ویژن کے حوالے سے بات کرتے ہوۓ کہا کہ ایک پنجابی گھرانے میں پیدا ہونے والے اقبال نے فارسی میں شاعری کی اور عربی پڑھائی۔
اس کے علاوہ دنیا کی مقبول ترین یونیورسٹی سے وکالت کی ڈگری لیکر دنیا کے کیے مشعل راہ بنے ہمیں اقبال کے ویژن کو روزمرہ زندگی میں اپنانا ہوگا۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب میں شرکت کے لیے کونسلر نعیم الحسن ، کونسلر شوکت، لیاقت علی احد، حماد محمود، سید منظور حسین شاہ بخاری اور دیگر سماجی شخصیات نے شرکت کی اور تقریب کو بے حد پسند کیا۔