نیوٹیک کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ٹیویٹ کانفرنس کا انعقاد
اسلام آباد(پ ر)نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے زیر اہتمام انٹرنیشنل ٹیویٹ کانفرنس کااختتامی سیشن آج اسلام آباد میں منعقد ہواجس کی صدارت نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناب ذوالفقار احمد چیمہ نے کی ۔ کانفرنس میں پندرہ ملکوں کے وفود نے شرکت کی ۔ کانفرنس میں فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے مختلف امور کو موضوع بحث بنایا گیاجن میں فنی تربیت میں پرائیویٹ سیکٹر کے کردار ، پیشہ ورانہ تربیت کے حامل افرادی قوت کی شناخت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے حامل افراد کو درپیش مسائل سے آگاہی حاصل کرنے اور نوجوانوں کو رو زگار کی فراہمی جیسے موضوعات شامل ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک ذوالفقار احمد چیمہ نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ پندرہ ملکوں کے وفود نے اصل پاکستان دیکھ لیا ہے جو بہت خوبصورت اور محفوظ ملک ہے اور متعصب میڈیا کے پراپیگنڈہ کے بالکل برعکس ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں فنی و پیشہ ورانہ سیکٹر کو درپیش مسائل کو مل جل کر حل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس نے انڈسٹریل سیکٹر میں بھی جذبہ پیدا کیا ہے اور انہوں نے پاکستان کے TVETسیکٹر کو فعال بنانے میں بھرپور تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی ماہرین کی اجتماعی بحث سے انتہائی مفید اور مثبت تجاویز سامنے آئی ہیں جو کہ نہ صرف حکومت بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز تک پہنچائی جائیں گی ۔ اس سے نہ صرف پاکستان کے TVETسیکٹر کو فعال بنانے میں مدد ملے گی بلکہ نوجوانوں کے روزگار کی فراہمی کو بھی بہتر بنایا جاسکے گا۔
اس موقع پر برطانیہ کے مائیک ڈیو،، سری لنکا سے مفتی ہاشم ، قازقستان سے مس زانا، کوریا سے جن پارک زونگ ، چین سے پروفیسر شی کیونگ وی، آسٹریلیا سے مس ایلن اور بیلا رس سے مس اولگا نے نیوٹیک کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے نیوٹیک کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی مہمان نوازی ، پیشہ ورانہ مہارت، کام کے جذبے اور دوستانہ رویے کو بہت سراہا ۔ انہوں نے اسلام آباد کی شاندار خوبصورتی کی بھی بہت تعریف کی۔اس موقع پرجی آئی زی کی کنٹری ہیڈ مس جولی نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور نیوٹیک کے زیر تحت لئے جانے والی حالیہ اصلاحات و اقدامات کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر جناب ذوالفقار چیمہ نے کانفرنس میں شریک ہونے والے پندرہ ممالک کے نمائندگان میں سر ٹیفکیٹس اور تحائف تقسیم کئے۔