ہائی کورٹ :الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی بھارت سے مجوزہ درآمد ،الیکشن کمشن اورحکومت سے جواب طلب
لاہور(نامہ نگارخصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی بھارت سے درآمد روکنے کے لئے دائردرخواست پر الیکشن کمشن پاکستان ،وفاقی حکومت اور دیگر مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیاہے ۔جسٹس عابد عزیز شیخ نے یہ نوٹس شہری منیر احمد کی درخواست پر جاری کئے ہیں ۔
درخواست میں بھارت سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے، سماعت کے دوران اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے کروانے کا ارادہ رکھتاہے. الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کیلئے انٹرنیشنل ٹینڈرز بھی طلب کئے ہیں، الیکشن کمیشن نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی فراہمی کے لئے قوائد وضوابط اتنے مشکل رکھے ہیں کہ کوئی بھی پاکستانی کمپنی الیکشن کمیشن کی شرائط پر پوری نہیں اتر سکی، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے غیرملکی کمپنیوں سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا فیصلہ کیا ہے, جن میں ہمارا ازلی دشمن بھارت بھی شامل ہے.
درخواست گزار نے اپنی درخواست میں نکتہ اٹھایا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) کو ہیک کرنا انتہائی آسان ہے اور غیر ملکی دشمن طاقتیں آسانی سے نادرا، ایف بی آر اور دوسرے انتہائی حساس اور قیمتی ڈیٹابیس تک رسائی حاصل کرکے ملکی سلامتی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتی ہیں.اس لئے غیرملکی کمپنیوں سے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں حاصل کرنے کا اقدام کالعدم قراردیکر مقامی طورپر تیارکردہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کے ذریعے ووٹنگ کرانے کا حکم دیاجائے۔