مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ عمران خان کا ذاتی فیصلہ، اصل اپوزیشن کا فیصلہ عوام کریں گے: قمر زمان کائرہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ عمران خان کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے پر حیرانی ہوئی اور ان کی بات ہمیں سمجھ نہیں آئی، مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ عمران خان کا ذاتی فیصلہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہونے والے پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اور سینیٹ کے قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن بھی موجود تھے۔
قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ نواز شریف منتخب وزیر اعظم ہیں ، عمران خان کی نظر میں کل تک وزیر اعظم کی قانونی حیثیت تھی لیکن آج نہیں ہے۔ عمران خان انہیں وزیر اعظم نہیں مان رہے تو ان کی مرضی ہے۔ پیپلز پارٹی اصلی اپوزیشن ہے یا تحریک انصاف، اس کا فیصلہ عوام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی جدو جہد آزادی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دنیا کو پیغام دینے کیلئے قومی یکجہتی ضروری ہے اور مسئلہ کشمیر پر حکومت کو تمام جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ سی پیک میں حکومتی حکمت عملی کی وجہ سے ابہام پیدا کیے گئے لیکن اے پی سی میں پیپلز پارٹی نے سی پیک پر ہم آہنگی پیدا کی۔
قمر زمان کائزہ کا کہنا تھا کہ کشمیر میں کارکنوں کو مختلف مقدمات میں گرفتار کیا جارہا ہے ان گرفتاریوں سے حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے؟۔ پاناما لیکس کی تحقیقات سے متعلق اپوزیشن کا بل حکومت فوری طور پر منظور کرے ۔ موجودہ حالات میں نیشنل سکیورٹی کمیٹی کا قیام ضروری ہے بلاول بھٹو نے پارٹی اور قوم کا موقف کل بیان کردیا تھا۔