گلگت،سندھ کے حوالے سے مظاہرے جعلی تھے،بھارتی میڈیا اور ”را“کی مشترکہ سازش بے نقاب
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گلگت اور سندھ کے بارے پراپیگنڈا بھی را کی ایک سازش تھی،جعلی این جی او اور جعلی مظاہرین کا استعمال کیا گیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گلگت اور سندھ کے بارے پراپیگنڈا بھی را کی ایک سازش تھی،گلگت بلتستان کے حوالے سے بھی جعلی مظاہرے کروائے گئے،جس این جی اونے یہ مظاہرہ کروایا وہ واشنگٹن سے چلائی جاتی ہے،جس ویب سائیٹ کا حوالہ دیا گیا ہے وہ بھی جعلی ہے،ایک دوسری ویڈیو جو بلوچستان کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر چلائی گئی وہ عوامی پارٹی کے کارکنوں کی ریلی کی ہے جو انہوں نے الیکشن کے دوران نکالی اس ریلی میں پاکستان کے خلاف ایک بھی نعرہ نہیں لگایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے واویلا مچایا تھا کہ بلوچستان کے لوگ ریلیاں نکال بھارت سے مدد کی اپیل کررہے ہیں،تحقیق سے بھارتی ایجنسی کی سازشوں کا بھانڈا پھوٹ گیا ہے۔
اسی طرح بلوچستان کے عوام ظاہر کرکے جنیوا میں پانچ مظاہرے کیے گئے،انکشاف ہوا کہ مظاہرے میں مہاجرین کے کیمپ سے لوگ لائے گئے تھے،ان افراد کا تعلق بلوچستان سے تھا ہی نہیں،یہ صرف پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے پراپیگنڈا ہے،مظاہرے میں نظر آنیوالے افراد مشرق بعید کے لوگوں کی طرح نظر آتے تھے جن کو کرائے پر لایا گیا تھا،ان افراد میں زیادہ تر لوگوں کی شکلیں افریقی اور دیگر سیاہ فارم ممالک سے ملتی جلتی تھیں،خواتین کے مظاہرے میںبھی خواتین جعلی تھیں اور جس تنظیم کے تحت مظاہرہ کیا گیا ہے اس کا نام ونشان بھی پاکستان میں نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق مظاہروں میں ایسے افراد کو لایا گیا ہے وہ کرائے کے تھے جن کو چند پیسے دے کر لایا گیا تھا اور اس کے پیچھے ”را“کا ہاتھ ہے،براہمداغ بگٹی ان مظاہروں میں پیش پیش تھے جن سے ان کے خاندان کے افراد لاتعلقی کا اظہار کرچکے ہیں۔