فن لینڈ پاکستان کیساتھ رینیوایبل انرجی میں تعاون کے لئے تیا ر

فن لینڈ پاکستان کیساتھ رینیوایبل انرجی میں تعاون کے لئے تیا ر

اسلام آباد (آن لائن)فن لینڈ ایک ترقی یافتہ ملک ہے جس کے پاس جدید ٹیکنالوجی پائی جاتی ہے اوروہ صحت و تعلیم، کلین ٹیکنالوجی، رینیو ایبل انرجی ، واٹرمینجمنٹ اور فالتو مواد سے بجلی کی پیداوار سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہے۔ تاہم ان مقاصد کے حصول کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان اور فن لیڈ نجی شعبوں کے مابین قریبی روابط قائم کرنے پر توجہ دیں۔ ان خیالات کا اظہار فن لینڈ کے سفیرراؤلی سکانین نے اسلام آباد چیمبرمیں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ متحدہ عرب امارات میں فن لینڈ کے کمرشل قونصلر ہاہلینٹرا اور پاکستان میں فن لینڈ کے اعزازی قونصل جنرل اسد انصاری بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے ۔ فن لینڈ کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک اس سال یورپ میں سب سے زیادہ اقتصادی ترقی حاصل کرنے والے ملک ہو گا لہذا پاکستان فن لینڈ کے ساتھ قریبی تعاون کو فروغ دے کر اپنی معیشت کیلئے متعدد فوائد حاصل کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کے پاس ووکیشنل ٹریننگ فراہم کرنے کا ایک جامع نظام موجود ہے لہذا فن لینڈ ٹریننگ اور سکلز ڈویلپمنٹ کے شعبے میں بھی پاکستان کی مدد کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فن لینڈ نے پاکستان کو یورپی یونین کی طرف سے جی ایس پی پلس کی سہولت فراہم کرنے کی کوششوں میں بھرپور حمایت کی تھی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ پاکستان اس سہولت کے تحت یورپ کو زیادہ تر ٹیکسٹائل مصنوعات برآمد کر رہا ہے جبکہ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس سہولت کے دیگر مصنوعات بھی یورپ کو برآمدکرنے کی کوشش کرے جس سے اس کی برآمدات کو بہتر فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ پاکستان کی مارکیٹ میں گہری دلچسپی لے رہا ہے اور وہ مستقبل میں پاکستان میں اپنا سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلا م آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے مابین باہمی تجارت دونوں ممالک کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا دونوں ممالک کو چائیے کہ وہ کثرت سے تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے کی حوصلہ افزائی کریں جس سے باہمی تجارت کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔

مزید : کامرس