پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور میزان بنک کے مابین ایم او یو

پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور میزان بنک کے مابین ایم او یو

لاہور (کامرس رپورٹر)پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور میزان بنک کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے دفتر میں ایک پروقار تقریب کا اہمتام کیا گیا جس میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری کے افسران اور میزان بنک کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت پر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب برانہ اور میزان بنک کے گروپ ہیڈ برائے کارپوریٹ اینڈ انوسٹمنٹ بنکنگ سید عامر علی نے دستخط کئے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور نجی بنک مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے مل کر کام کریں گے اور ایسے اقدامات اٹھائے جائیں گے جن سے صوبہ پنجاب میں نجی شعبے کی استعداد کار میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ اس یادداشت کی رو سے صوبہ بھر میں معاشی ترقی کیلئے مختلف شعبوں کو بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا جبکہ بورڈ اور نجی بنک بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے باقاعدہ لائحہ عمل تشکیل دیں گے۔ معاہدے میں اس عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے کہ پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور میزان بنک مل کر صوبہ میں سرمایہ کاری کے حجم میں اضافہ کرنے کیلئے منصوبہ بندی کریں گے جبکہ صوبہ بھر میں ترقیاتی عمل کو بھی تیز کیا جائے گا۔

مزید : کامرس