عامر خان کا اپنی زندگی پر کتاب لکھنے کی خواہش کا اظہار
ممبئی (نیٹ نیوز) بالی وڈ اسٹار عامر خان کو والدہ ، پہلی اہلیہ رینا دتا اور بچوں کو وقت نہ دینے کا پچھتاوا ہونے لگا۔عامر خان کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ فلمی دنیا میں مجھے 30 سال ہونے کو ہیں اور اس دوران پیسہ، شہرت اور پیار سب کچھ حاصل کیا ہے ، تاہم یہ اب محسوس ہوتا ہے کہ میں اپنی والدہ، پہلی اہلیہ رینا اور بچوں کو وقت نہیں دے سکا، مجھے انہیں زیادہ وقت دینا چاہیے تھا کیوں کہ میں بس مشکل وقت میں ہی ان کے ساتھ ہوتا تھا۔مسٹر پرفیکشنسٹ نے کہا کہ میں بیٹے جنید خان اور بیٹی ایرا خان کو وقت نہیں دے سکا لیکن میرا ان سے بہت اچھا تعلق ہے، تاہم اب میں نے چھوٹے بیٹے آزاد کو وقت دینے کا تہیہ کرلیا ہے اور 6 سے 8 بجے تک اس کے پاس رہتا ہوں۔ انہوں نے اپنی زندگی پر کتاب لکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی زندگی پر کتاب لکھ کر اسے فروخت کرنا چاہتا ہوں جو کہ میرے مرنے کے بعد کھولی جائے۔