امریکا کا شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات سے ایک بار پھر انکار
واشنگٹن (اے پی پی) امریکا نے شمالی کوریا کے ساتھ مذاکرات سے ایک بار پھر انکار کر دیا ہے۔ جرمن خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کی خاتون ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ وقت کمیونسٹ کوریا کے ساتھ بات چیت کا نہیں ہے۔ اس سے قبل خود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ شمالی کوریا کے ساتھ کوئی بھی بات چیت وقت کا ضیاع ہو گی۔ یہ پیش رفت امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے اس تازہ بیان کے بعد پیدا ہونے والی امیدوں کی نفی کرتی ہے، جس میں انہوں نے شمالی کوریا کے ساتھ اس کے جوہری پروگرام کے بارے میں مکالمت پر رضامندی ظاہر کی تھی۔