لیسکو نے پوش علاقوں میں 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لے لیا

لیسکو نے پوش علاقوں میں 12گھنٹے لوڈشیڈنگ کا فیصلہ واپس لے لیا

لاہور(جنرل رپورٹر)لیسکو نے جنرل ہسپتال، ڈیفنس، ٹاؤن شپ، جوہر ٹاؤن، فیروز پور روڈ اور کاہنہ سمیت متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی بندش کا فیصلہ واپس لے لیا۔لیسکو نے شہر کے پوش علاقوں میں 12 گھنٹے بجلی بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا، سوموار کے روز کمپنی نے مرمتی کام کی وجہ سے متعدد گرڈ سٹیشن کو بند کرنے کا شیڈول جاری کر دیا تھا، کمپنی شیڈول کے مطابق بدھ کو صبح 6 سے شام 6 بجے تک بجلی بند ہونا تھی، سیکرٹری پانی و بجلی یوسف نسیم کھوکھر کی ہدایت پر لیسکو چیف نے شہر میں مسلسل بجلی بند کرنے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ لیسکو کے کاہنہ نو گرڈ سٹیشن، جوہر ٹاؤن، عنایت پورہ اور ڈیفنس ہاؤسنگ گرڈ، ولنگڈن مال، رحمان پارک اور اولڈ کوٹ لکھپت گرڈ سٹیشن سے بجلی بند کرنا تھی، نوٹیفکیشن کے مطابق ماڈل ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، لیفو اور ٹاؤن شپ گرڈ سٹیشن سے بھی بجلی معطل ہونی تھی۔اسی طرح الیون کے وی کے نشتر، این ایف روڈ، واک گیس، دھلوکی، انڈسٹریل تھری، پنجاب سوسائٹی، حمزہ ٹاؤن، جنرل ہسپتال، واپڈا کالونی، صوفیہ آباد، اٹاری، سروبہ اور ایس ایم ایف فیڈر سے بھی بجلی بند ہونا تھی، تاہم اعلیٰ افسران کی مداخلت کی وجہ سے نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا گیا ہے اور شہر میں بجلی بند نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1