نواز شریف پارٹی صدر بننے کے بعد پھر وزیر اعظم بنیں گے : بلدیاتی نمائندگان

نواز شریف پارٹی صدر بننے کے بعد پھر وزیر اعظم بنیں گے : بلدیاتی نمائندگان

لاہور(دیبا مرزا) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو دوبارہ مسلم لیگ (ن) کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مسلم لیگ (ن) کے بلدیاتی چیئرمینوں نے اپنے قائد میاں محمد نوازشریف کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھر وقت اور حالات نے ثابت کیا ہے کہ میاں محمد نواز شریف ہی ایک عوامی وزیراعظم اور دلوں میں بسنے والے لیڈر ہیں جن کو عوام کے دلوں سے دنیا کی کوئی بھی طاقت نہیں نکال سکتی ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ ہم میاں نواز شریف کے سیاسی کارکن ہیں ۔اس حوالے سے ’’پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل محمود بٹ راڈو والے‘ اجمل ہاشمی‘ راشد کرامت بٹ‘ محمود اختر بٹ‘ سجاد ربانی‘ رانا اختر محمود‘ ملک خالد کھوکھر‘عمران علیم شاہ‘ملک نثار کھوکھر‘ شیخ محمد نعیم ‘ مہر راشد‘عامر شاہ‘جواد بٹ‘آصف مؤ اور خواجہ ندیم وائیں کا کہنا تھا کہ میاں محمد نواز شریف کا ایک مرتبہ پھر پارٹی صدر بننا خوش آئند ہے اور ہماری پارٹی کے لئے ایک نیک شگون ہے میاں محمد نواز شریف بلا شبہ ایک دلیر اور نڈرلیڈر ہیں اور ان کی وجہ سے ہی پاکستان آج ترقی کی راہ پر گامزن ہے میاں محمد نواز شریف پاکستان کی بقاء کے لئے لازم و ملزوم ہیں جو لوگ یہ سمجھتے تھے کہ میاں نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ہے وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں اور ایسے لوگ دن کے وقت خواب دیکھنا چھوڑ دیں ۔ انہوں نے کہاکہ جس طرح سے دوبارہ میاں نواز شریف پارٹی کے صدر منتخب ہو گئے ہیں ٹھیک اسی طرح سے وہ آئندہ عام الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے چوتھی مرتبہ بھی پاکستان کے وزیراعظم منتخب ہوں گے۔بلدیاتی نمائندوں نے کہا میاں نواز شریف کل بھی پاکستان کے مقبول تریں لیڈر تھے آج بھی پاکستان کے محبوب لیڈر ہیں اور کل بھی میاں نواز شریف ہی پاکستان کے مقبول ترین لیڈر رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر خدا نخواستہ پاکستان میں جمہوریت کو نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار منفی سوچ کے مالک عمران خان ہوں گے ،عمران خان جمہوریت کے دشمن بن گئے ہیں عمران خان ملک کے خلاف سازشیں بند کریں اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے اپنے صوبے کی حالت کو بہتر کرنے کی طرف توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عمران خان نے پاک چین تعلقات متاثر کرنے کی کوشش کی لیکن میاں نواز شریف کی وجہ سے پاک چین دوستی کی لازوال داستان سنہری حروف میں لکھی جانے کے قابل ہے اور لکھی بھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی کا جب بھی ذکر آئے گا تو وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی مثالی اور تاریخی جدوجہد اور کوششوں کو سراہا جائے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1