ججوں کو استعمال کر نے والے آج عدلیہ پر الزام لگا رہے ہیں،چودھری منظور
لاہور(نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے ترجمان چوہدری منظور احمد نے کہا ہے کہ ججوں کو ٹیلیفون کر کے بینظیر اور آصف زرداری کو سزائیں دلوانے والے نواز شریف آج خود عدلیہ پر سیاست کا الزام لگا رہے ہیں۔ نواز اور شہباز شریف کی تقریریں ہی ان کی سیاسی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، مسلم لیگ (ن )کی سیاست دوغلی ہے، ان سے خیر کی توقع نہیں کی جاسکتی، ۔ میاں نوازشریف اورشہبازشریف کی تقریر پر اپنے ردعمل میں چودھری منظورنے کہا کہ نوازشریف کو اب شہید بھٹو اور بینظیر مظلوم لگنے لگے جن کی مخالفت میں انہوں نے ساری حدیں پار کر دی تھیں،افتخار چودھری جیسے سیاسی جج کے ساتھ نواز شریف کی گٹھ جوڑ قوم نہیں بھولی، میموگیٹ میں کالا کوٹ پہن کر عدالت جانیوالے آج کس منہ سے عوام کے حق حکمرانی کی بات کرتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ گیلانی کو افتخار چودھری کے ذریعے نااہل کروا کر نواز شریف نے خود عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارا تھا، میثاق جمہوریت کو روندنے والے آج کس منہ سے گرینڈ نیشنل ڈائیلاگ کی باتیں کر رہے ہیں۔ چودھری منظورنے کہا کہ اس وقت خطرہ جمہوریت کو نہیں جاتی امرا کی بادشاہت کو ہے، جسے کندھا نہیں دیں گے، جمہوریت اور شہری آزادیاں ہماری قیادت اور کارکنوں کے خون سے آئی ان کا دفاع کرنا ہمیں آتا ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر داخلہ چوہدری احسن اقبال کو اپنے جواب میں چودھری منظورنے کہاکہ بھٹو بھٹو کر کے ضیا کی باقیات بھٹو نہیں بن سکتیں