علی زیب بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز نے لاہور میں اپنی خدمات کا آغاز کر دیا
لاہور(جنرل رپورٹر)علی زیب فاؤنڈیشن نے اپنی خدمات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے لاہور شہر میں بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر قائم کر کے اپنی خدمات کا آغاز کر دیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد علی زیدی نے کہا کہ اس بلڈ ٹرانسفیوژن سنٹر کے قیام سے پنجاب بھر کے امرا ض خون کے مریض مستفید ہو سکیں گے۔اس موقع پر تھیلاسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں اور ان کے لواحقین نے کہا کہ وہ ادارہ کے قیام، امراضِ خون کے علاج معالجہ اور انتقال خون کی مفت سہولیات کی فراہمی پر ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔ ادارہ کے ڈائریکٹر سعد اللہ شاہد نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ کا سٹاف پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کے جذبہ سے سرشار ہے اور علی زیب فاؤنڈیشن لاہور کا قیام دکھی انسانیت کے غم مٹانے میں معاون ثابت ہو گا۔ علی زیب بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز کے پنجاب بھر کے اہم اضلاع میں 6سنٹر اس وقت امراض خون میں مبتلا افراد کو خدمات فراہم کر رہے ہیں اس ادارہ میں چار ہزار سے زائد مریض رجسٹرڈ ہیں اور یہ ادامہ امراض خون میں مبتلا تمام مریضوں کو علاج معالجہ اور انتقال خون کی ہر ممکن سہولیات مفت فراہم کر رہا ہے۔