نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانا بہت بڑی نااہلی ہے،تحریک انصاف

نااہل شخص کو پارٹی صدر بنانا بہت بڑی نااہلی ہے،تحریک انصاف

لاہور(نمائندہ خصوصی ) تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے نا اہل ہونے والے شخص کو پارٹی صدر بنا کر نا اہل لیگ نے دوبارہ نا اہلیت ثابت کر دی ہے اب ہر طرف نا اہل ہی نا اہل ہوں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ پارٹی الیکشن میں نواز لیگ نے نااہل شخص کی سیاست کا جنازہ کندھوں پر اٹھالیا ہے۔تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ حکمران مافیا اپنے ذاتی مقاصد کے لئے پارلیمنٹ جیسی مقدس فورم کو استعمال کر رہا ہے۔ سینئر رہنما اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ نا اہل حکومت صرف حکمران شریف خاندان کے سنگین جرائم کو چھپانے کے لئے ،ملک کے مستقبل کو تاریک بنانا چاہتی ہے ، آئین میں ترامیم کے بعد جرائم پیشہ لوگ پارٹی کے سربراہ بن سکتا ہے ، مارشل لاء اور جرنیلوں کی گود میں پلنے والے دنیا کو جمہوریت کا درس دے رہے ہیں۔ این اے 130کے مرکزی رہنما ملک عثمان حمزہ اعوان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف تمام تر اختیارات کو اپنے ہاتھ میں لینے کے لئے ہر حربہ استعمال کررہے ہیں اپنے مفادات کیلئے قوانین بنانا آمروں کی نشانی ہے پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ہمیشہ اداروں کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1