جنرل ہسپتال 2ایم آر آئی مشینوں والا پہلا ادارہ بن گیا
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں لاہور جنرل ہسپتال بیک وقت 2ایم آر آئی مشینوں سے مریضوں کو مستفید کرنے والا پہلا ادارہ بن گیا ہے جبکہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں 3ٹیسلا جیسی جدید ایم آر آئی مشین(MRI 3 TESLA) نصب کر دی گئی جو پاکستان کے کسی بھی سرکاری ہسپتال میں اپنی نوعیت کی پہلی مشین ہے۔
جسے مریضوں کیلئے فنکشنل بنا دیا گیا ہے ۔ پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے بتا یا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے 26کروڑ روپے کے خصوصی فنڈ سے غریب اور نادار مریضوں کو یہ سہولت حاصل ہو گی ،انہوں نے کہا کہ ایل جی ایچ میں دیگر بیماریوں کے علاوہ نیورو سرجری سے متعلق ایسے کیسز آتے ہیں جنہیں فوری طور پر ایم آر آئی (ٹیسٹ )جیسی سہولتوں کی ضرورت ہوتی ہے اور پنجاب حکومت کی خصوصی کاوش سے اب جنرل ہسپتال میں زیادہ سے زیادہ مریض اس سہولت سے مستفید ہو سکیں گے