بین الاقوامی کانفرنس برائے ثقافت کا مقصد پاکستان کا مثبت تاثر متعارف کروانا ہے،رانا مشہود

بین الاقوامی کانفرنس برائے ثقافت کا مقصد پاکستان کا مثبت تاثر متعارف کروانا ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیرسکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ لاہور میں منعقدہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس برائے ثقافت کے انعقاد کا مقصد دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر متعارف کروانا ہے۔زندہ دلانِ لاہور نے دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کو کھلے دل سے خوش آمدیدکہا ہے۔ثقافت پائیدار ترقی کا زینہ ہے اورپاکستانی قوم قدیم تہذیب و ثقافت کی علمبردار ہے۔ پاکستانی کھانے،میوزک اور ثقافت اپنی مثال آپ ہیں۔اس طرح کی تقریبات سے سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں مدد ملتی ہے۔یہ بات انہوں نے رائل پام کلب میں منعقد ہونے والی دوسری لاہور بین الاقوامی کانفرنس برائے فروغ ثقافت کے موقع پر تقریب سے خطاب کرے ہوئے کہی۔

کانفرنس میں ٹورازم اورمحکمہ اطلاعات و ثقافت کے علاوہ ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم کے نمائندوں اور مختلف تعلیمی اداروں سے طلبا ء و طالبات نے بھی شرکت کی۔لاہور میں3اور 4اکتوبر کو منعقد ہونے والی دو روزہ سیکنڈ لاہور انٹرنیشنل کانفرنس آن کلچرکے ا نعقاد کا مقصد صوبہ پنجاب کی تہذہب و ثقافت اور کلچر کے مختلف پہلوؤں کواجاگر کرنا ہے۔صوبائی وزیر رانا مشہود نے ثقافتی کانفرنس میں آسٹریلیا، چائنہ، جاپان، نیپال، یورپ، انڈونیشیا، امریکہ اور سری لنکا سمیت دنیا بھر سے مختلف ممالک کے نمائندوں کو تقریب میں خوش آمدید کہا اورتہذیب و ثقافت کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے سیکنڈ لاہور انٹرنیشنل کانفرنس آن کلچر کے شاندار انعقاد پر متعلقہ محکموں کی کاوشوں کو سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4