160سٹارٹ اپ سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ،ڈاکٹر عمر سیف

160سٹارٹ اپ سے ہزاروں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے ،ڈاکٹر عمر سیف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے بانی وچیئرمین اور آئی ٹی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی نے 160سٹارٹ اپ کے ذریعے پنجاب میں ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار اور صوبے میں سرمایہ کاروں کے لئے نئے مواقع فراہم کیے ہیں ۔ سٹارٹ اپ کی بدولت صوبے کو گزشتہ 5 سال میں 38 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے سالانہ 36کروڑ روپے محصولات حاصل ہورہے ہیں۔ پاکستان کے سٹارٹ اپ آئیڈیاز کو بیرون ملک بھی پذیرائی ملی ہے ۔ای روزگار سینٹرز میں 10 ہزار لوگوں کو تربیت دینے سے اکانومی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوگا ۔ آئندہ ماہ لاہور میں ہونے والی بین الاقومی کانفرنس کے حوالے سے ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بڑی نئی ملازمتوں کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے الحمراکلچرل کمپلیکس میں 10,11 اور12 نومبر کوبین الاقومی کانفرنس منعقد ہوگی جس میں پاکستان بھر سے 3ہزار سے زائد آئی ٹی کمپنیاں شرکت کریں گی ۔
جس میں 400 کے قریب سٹارٹ اپ ہیں۔ کانفرنس میں آسٹن سے 50 کمپنیوں کا وفد خصوصی طور پر شرکت کرے گا۔
جس میں تمام مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ماہرین شامل ہونگے ۔

ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ای روزگار سینٹرز میں 10 ہزار لوگوں کو تربیت دینے سے اکانومی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔ سائبر کرائم اور ویب سائٹس کی ہیکنگ کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سائبر کرائم کے معاملات قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دیکھ رہے ہیں اور جہاں تک ویب سائٹس کی سکیورٹی کی بات ہے تو پنجاب بورڈ آف ٹیکنالوجی کے پاس ایک ماہر لوگوں کا گروپ موجود ہے جن کی کارکردگی اور موثر انتظامات کے باعث پنجاب حکومت کا کوئی سسٹم اب تک ہیک نہیں ہوا ہے ۔