80پولیس سب انسپکٹروں کی انسپکٹروں کے عہدے پر ترقی
لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان کی ہدایات پر سب ا نسپکٹروں کوا نسپکٹر کے عہدہ پر ترقی دینے کے حوالے سے سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ پنجاب، اظہر حمید کھوکھرکی سربراہی میں محکمانہ پروموشن بورڈ کااجلاس ہوا۔ بورڈ میں455 سب انسپکٹروں کے کیسز کا جائزہ لینے کے بعد سنیارٹی ،بہتر کارکردگی اور اچھے ریکارڈ کے حامل میرٹ پر پورا اترنے والے 80 سب انسپکٹروں کو انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔
بورڈ کے دیگر ممبران میں ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ I-، سید خرم علی، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹII- ، سلمان چوہدری، ڈی آئی جی ہیڈ کواٹرز بی اے ناصر ، اے آئی جی ڈسپلن شہزاد اکبر، اور اے آئی جی لیگل عبدالرب چوہدری شامل تھے۔