جیل میں قید ملزم پر مقدمہ کا اندراج، سپرنٹنڈنٹ جیل سے ریکارڈ طلب

جیل میں قید ملزم پر مقدمہ کا اندراج، سپرنٹنڈنٹ جیل سے ریکارڈ طلب

لاہور(نامہ نگار)محکمہ پولیس کے شیرجوانوں نے اصل ملزموں کو پکڑنے میں ناکامی پرجیل میں قید ملزمان پر دوبارہ سے مقدمات درج کرناشروع کر دیے ہیں، سب انسپکٹر سی آئی اے میاں خان نے موٹر سائکل چوری کا مقدمہ جیل میں قید ملزم محمد بلال پر درج کرکے ملزم سے چوری کی موٹر سائیکل بھی ریکور کر لی ہے۔

ماڈل ٹاؤن کچہری کی خاتون جج افشاں سدرہ نے ملزم بلال کی بریت کی درخواست پر کیس کی مزیدسماعت 9ستمبر تک ملتوی کردی ہے۔ملزم بلال نے جوڈیشل مجسٹریٹ افشاں سدرہ کے روبرو پیش ہوکر موقف اختیار کیا ہے کہ میں وقوعہ سے بارہ دن پہلے جیل جا چکا تھا،پولیس نے مجھ پر بے بنیاد مقدمہ درج کیا ،عدالت نے سپرنٹنڈنٹ جیل سے ملزم محمد بلال کا ریکارڈ بھی طلب کیا، سپرنٹنڈنٹ جیل کے ریکارڈ کے مطابق محمد بلال 18مارچ 2016ء سے 15نومبر 2016ء تک جیل میں قید رہاجبکہ سب انسپکٹر میاں خان نے 30مارچ 2016ء کو محمد بلال پر موٹر سائیکل چوری کا مقدمہ درج کیا تھا،درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ بے قصور ہے اسے کیس سے بری کیا جائے،عدالت نے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت نو اکتوبر تک ملتوی کر دی ہے۔

مزید : علاقائی