ہوٹلوں اور تندوروں سمیت 10گھروں سے گیس چوری کا نیٹ ورک پکڑا گیا

ہوٹلوں اور تندوروں سمیت 10گھروں سے گیس چوری کا نیٹ ورک پکڑا گیا

ٍٍ ٍٍلاہور(خبر نگار) سوئی گیس لاہور ٹاسک فورس نے شہر کے چار مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے جعلی بائی پاس لائنوں کے ذریعے 10گھروں کے نیٹ ورک سمیت دو ہوٹلوں، دو تندوروں اور ملک شاپ میں گیس چوری پکڑ کر کنکشن منقطع کردیے۔ تفصیلات کے مطابق جی ایم لاہور قیصر مسعود اور ڈپٹی چیف انجینئربلال اصغر کی ہدایات پر یو ایف جی ٹاسک فورس نے خفیہ اطلاعات پر ڈسٹری بیوشن افسر چوہدری شرافت علی کی سربراہی میں گلیکسو ٹاؤن میں چھاپہ مارا تو جعلی بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے ایک تندور، ہوٹل اور ملک شاپ میں استعمال کی جارہی تھی، فورس نے بائی پاس کا خاتمہ کردیا، فورس نے فیروز پور روڈ پر چھاپہ مارا تو جعلی بائی پاس لائن ڈال کر ہوٹل میں گیس چوری کرکے استعمال کی جارہی تھی،فورس نے چاندنی چوک ساندہ میں چھاپہ مارا تو جعلی بائی پاس لائن کے ذریعے گیس چوری کرکے تندور اور 5کلوواٹ کا جنریٹر چلانے میں استعمال کی جارہی تھی، فورس نے شاہ پور کانجراں کے علاقہ میں چھاپہ مارا تو گھریلو میٹر کے ذریعے گیس چوری کرکے 10گھروں کے نیٹ ورک کو فراہم کی جارہی تھی۔ فورس نے چاروں علاقوں میں بائی پاس اور گھریلو میٹر اکھاڑ کر گیس چوری کا خاتمہ کردیا جبکہ متعلقہ تھانوں میں مقدمات کے اندراج کیلئے درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں۔ گیس چوری کے ذریعے کمپنی کو سالانہ لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا جارہا تھا۔

مزید : علاقائی