نوازشریف کا کنونشن سنٹر پہنچنے پررہنماؤں اور کارکنوں کا کھڑے ہو کر استقبال
اسلام آباد(آن لائن)مسلم لیگ (ن) کے صدارتی انتخابات کے حوالے سے کنونشن سنٹر اسلام آباد میں منعقدہ پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس میں تمام لوگوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کھڑے ہو کر استقبال کیا ،وزیر کیڈ طارق فضل چودھری ’’شیرآیا شیر آیا‘‘ کے پرجوش نعرے لگواتے رہے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ادا کیے۔اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کے علاوہ مسلم لیگ(ن) سینئر رہنما سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان ،موجودہ وزیرداخلہ احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق ،راجہ ظفر الحق ،سرتاج عزیز ، سرداریعقوب خان ، اسحاق ڈار نے نوازشریف کو پارٹی کا صدر منتخب ہونے پربا آواز بلند مبارکباد دی۔شاہد خاقان عباسی ،راجہ ظفر الحق ، نوازشریف ، شہبازشریف ، سرتاج عزیز ،سرداریعقوب سٹیج پر بیٹھے رہے جبکہ دیگر لیگی قیادت، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،لیگی سینیٹرز سٹیج کے سامنے کرسیوں اور صوفوں پر براجمان تھی۔ سینئر رہنماؤں کیساتھ ساتھ کارکنوں نے بھی نوازشریف کو پارٹی صدرمنتخب ہونے پر مبارکباد دی اور میاں نوازشریف کے حق میں پرجوش نعرے لگائے جن میں ’’دیکھو دیکھو کون آیا شیرآیا شیر آیا‘‘،’’وزیراعظم نوازشریف‘‘ وغیرہ کے نعرے شامل ہیں جبکہ میاں نوازشریف ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیتے رہے ۔قبل ازیں جب میاں نوازشریف کنونشن سنٹر پہنچے تو استقبال کیلئے کھڑے کارکنوں نے نعرے بازی کی اور اس دوران دھکم پیل سے مرکزی گیٹ کا شیشہ ٹوٹ گیا جس سے ایک پولیس اہلکارمعمولی زخمی بھی ہو گیا۔
استقبال