وفاقی کابینہ کا اجلاس ، ایس ای سی پی کی 10فیصد سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری

وفاقی کابینہ کا اجلاس ، ایس ای سی پی کی 10فیصد سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے ...

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی کابینہ نے سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دیدی۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ سیکرٹری پارلیمانی امور ڈویژن نے کابینہ کو وزارت کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کارپوریشن لمیٹڈ کو پاکستان سٹاک ایکسچینج کی 0.1 فیصد کی قابل ادائیگی فیس اور اضافی حصص کے اجراء پر پاکستان سٹاک ایکسچینج کے سیکورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی 10 فیصد کی سپروائزری قابل ادائیگی فیس سے استثنیٰ دینے کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے لاہور اور ملتان میں انشورنس ٹربیونلز کے قیام کی منظوری دی۔ اجلاس نے ایئر مارشل احمر شہزاد کی پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس بورڈ کامرہ کے چیئرمین کی حیثیت سے تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے کسٹم اپیلٹ ٹربیونل بنچ II لاہور کے جوڈیشل ممبر (بی ایس 21) عمر ارشد حکیم کے کنٹریکٹ کے عرصہ میں توسیع کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے بینکنگ کورٹ I حیدرآباد کے جج کی تقرری کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے جرمنی کے ساتھ مالیاتی تعاون معاہدہ 2015ء پر دستخط کی منظوری دی۔ اجلاس میں حقوق ملکیت دانش کے میدان میں پاک۔چین تعاون کے حوالہ سے ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انسداد بدعنوانی اداروں اور محتسب کے ای سی او علاقائی مرکز برائے تعاون کی دستاویز کی بھی توثیق کی۔ کابینہ نے روس اور پاکستان کے درمیان جامشورو میں 600 میگاواٹ کے قدرتی گیس کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ کی تعمیر کیلئے تعاون کے بارے میں معاہدہ پر بات چیت کے آغاز کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور کوریا کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور قطر کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسز کے حوالہ سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے موجودہ معاہدہ میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس

مزید : صفحہ اول