قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ، پنجاب بھر کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کیخلاف کارروائی کا آغاز ، 94کو شوکاز نوٹس

قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ، پنجاب بھر کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کیخلاف ...

لاہور(حافظ عمران انور ) پنجاب بھر کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کے خلاف کارروائی کا آغازکردیا گیا ،عرصہ دراز سے بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے 94کالجوں کوشو کاز نوٹس جاری۔ملتان،راولپنڈی،فیصل آباد لاہور، سرگودھا کے غیر رجسٹرڈ پرائیویٹ کالجوں کیخلاف ایکشن شروع ہو گیا جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی کارروائی کیلئے ہدایات دے دی گئیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی برسوں سے بغیر رجسٹریشن کے چلنے والے نجی کالجوں میں سے لاہور کے 23 ،فیصل آباد کے19،ملتان کے21 ،گوجرانوالہ کے15 ،راولپنڈی کے19 اور سرگودھا کے7 نجی کالجوں کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم کی طرف سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک رپورٹ ارسال کی گئی ہے جس میں صوبہ کے 36اضلاع میں عرصہ دراز سے چلنے والے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کی فہرست درج ہے، اعلیٰ حکام کے نوٹس میں آنے کے بعد متعدد بار غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کی انتظامیہ کو قواعد وضوابط مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی لیکن مذکورہ تعلیمی اداروں کی طرف سے رجسٹریشن کروانے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، جس کے بعدہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو پرائیویٹ کالجز کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے معاملے کا نوٹس لینے کے بعد سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام ڈائریکٹر کالجز کوایک مراسلہ جاری کیا جس میں محکمہ تعلیم کے ڈویژنل افسران سے کہا گیا ہے کہ تمام غیر رجسٹرڈنجی کالجوں کے خلاف فوری طور پر کارروائی کرکے روزانہ کی بنیاد پر ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ پیش کی جائے نیز تمام اضلاع وتحصیل کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل جنوری 2017 میں بھی مراسلہ جاری کیا گیا تھا اور اس کے نتیجے میں ملنے والی معلومات کے تحت کارروائی کا آغاز ہوا ہے اور مختلف اضلاع کے94کالجوں کو شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔یک محتاط اندازے کے مطابق اس وقت صوبہ بھر میں 570 سے زائد ایسے نجی کالج موجود ہیں جو عرصہ دراز سے بغیر رجسٹریشن کے ہی کام کر رہے ہیں۔سیکرٹری ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نبیل احمد اعوان نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبہ بھر کے غیر رجسٹرڈ نجی کالجوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ، تمام ڈائریکٹر کالجز اپنے اضلاع میں موجود غیر رجسٹرڈ نجی کالجز کی تفصیلات فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔

شو کاز نوٹس

مزید : صفحہ اول