انتخابی اصلاحات بل 2017ء لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
لاہور (آن لائن) قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات بل 2017ء کی منظوری کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ پاکستان عوامی تحریک کے رہنما اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی نے انتخابی اصلاحات بل کی منظوری دے کر نااہل شخص کے لئے راستے ہموار کر دیئے ہیں، نئے بل کی منظوری سے قانون کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، انتخابی اصلاحات بل کی منظوری آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کی خلاف ورزی سے کسی نااہل شخص کو اہل قرار دینے کے لئے منظور کیا گیا بل آئین کے آرٹیکل 5 اور 17 کے متصادم ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ قومی اسمبلی سے منظور کیا گیا انتخابی اصلاحات بل 2017ء کو کالعدم قرار دیا جائے۔