میڈیکل کالجوں میں داخلے کوٹہ کی قانونی حیثیت کیخلاف درخواست پرمتعلقہ حکام کو نوٹس

میڈیکل کالجوں میں داخلے کوٹہ کی قانونی حیثیت کیخلاف درخواست پرمتعلقہ حکام ...

لاہور (آن لائن) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ نے پنجاب کے میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ سیٹوں کے کوٹہ کی قانونی حیثیت کے خلاف درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سیکرٹری صحت اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 12 دسمبر کو جواب طلب کر لیا، معذور طالب علم ہمایوں سعید کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ سال 2013ء سے لے کر 2016ء تک صوبہ بھر کے میڈیکل کالجز میں اوپن میرٹ کی سیٹوں کے ساتھ ساتھ معذور کوٹہ کی 12 سیٹیں تھیں سال 2017ء میں اوپن میرٹ کی سیٹیں 1111 سے بڑھا کر 3022 کر دی گئیں جبکہ معذور کوٹہ کی تعداد 19 کی گئی ہے اور اوپن میرٹ کے تناسب سے معذور کوٹہ کی سیٹیں نہیں بڑھائی گئیں حکومت پنجاب کا یہ اقدام بدنیتی پر مبنی ہے اور آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی ہے لہٰذا عدالت ایم بی بی ایس داخلوں کے اوپن میرٹ سیٹوں میں اضافہ کو غیر قانونی قرار دے، عدالت نے ابتدائی سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں جبکہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی معاونت کے لئے طلب کر لیا ہے۔

مزید : صفحہ آخر