عدالت میں رینجرز کی تعیناتی ،سوشل میڈیا پر تنقید کرنیوالے ٹوئٹر اور فیس بک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب

عدالت میں رینجرز کی تعیناتی ،سوشل میڈیا پر تنقید کرنیوالے ٹوئٹر اور فیس بک ...

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ غلام شبیر چیمہ نے سابق وزیراعظم میاں محمدنواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پررینجرز کی تعیناتی پر سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے ایف آئی اے کی درخواست پر سماعت شروع کی تو ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ فیس بک پر پی ایم ایل این لائنز کے نام سے بنائے گئے پیج سے فوج مخالف اشتعال انگیز مواد اپ لوڈ کرنے کے علاوہ فوج کے شہداء کے خلاف بھی نازیبا پوسٹیں شیئر کی جا رہی ہیں، انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ فیس بک پر حساس اداروں کے خلاف مواد بھی اپ لوڈ کیا جا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پیج کے ذریعے میاں محمدنواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران وزراء کے داخلے پر پابندی کے خلاف بھی تنقید کی گئی ہے، تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ زرتاج گل کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی فوج مخالف پوسٹ شیئر کی گئی ہے ،فیس بک اور ٹویٹر انتظامیہ سے فوج مخالف مواد اپ لوڈ کرنے والے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی رجسٹریشن تفصیلات ، آئی پی لاگز اور سرگرمیوں کا ریکارڈ طلب کیا جائے، عدالت نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد میاں محمدنواز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے دوران رینجرز کی تعیناتی پر سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والے ٹویٹر اور فیس بک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

مزید : صفحہ آخر