لاہور ہائیکورٹ، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چیف سیکرٹری پنجاب کے وارنٹ گرفتاری جاری

لاہور ہائیکورٹ، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چیف سیکرٹری پنجاب کے وارنٹ ...

لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد امیر بھٹی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔ درخواست گزار تاج دین کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات کے باوجود سڑک کے تعمیر کے لئے حاصل کی جانے والی زمین کے متبادل اراضی فراہم نہیں کی جارہی،انہوں نے کہا کہ عدالتی حکم کو دس برسوں سے مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے جبکہ توہین عدالت کی تین درخواستوں پر بھی متعلقہ محکمے کی بیوروکریسی نے کان نہیں دھرے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو آگاہ کیا کہ موجودہ قیمت کے حساب سے زمین کی رقم کی ادائیگی کیلئے وزیر اعلی پنجاب کو سمری ارسال کر دی گئی ہے، مسلسل دوسری بار عدالتی احکامات کے باوجود چیف سیکرٹری کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ عدالتیں قانون کے مطابق چلتی ہیں کسی کے بنیادی حقوق غصب کرنے اور امتیازی سلوک کی اجازت نہیں دی جا سکتی، عدالتی احکامات نظر انداز کرنے پر عدالت نے چیف سیکرٹری پنجاب زاہد سعید کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ آخر