جہلم،شہر میں جابجا قائم سنوکر ،بلیئرڈکلب جوئے کے اڈے بن گئے

جہلم،شہر میں جابجا قائم سنوکر ،بلیئرڈکلب جوئے کے اڈے بن گئے

جہلم(نامہ نگار)جہلم شہر کے گلی محلوں میں قائم سنوکر اوربلیئرڈ کلب جوئے کے اڈوں میں تبدیل، نوجوان نسل تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی، شہریوں کا ڈی پی او جہلم سے اصلاح احوال کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق جہلم شہرو گردونواح کے علاقوں میں جابجا سنوکر اور بلیئرڈ کے کلب قائم ہو چکے ہیں جو صبح سے رات گئے تک کھلے رہتے ہیں اکثر طالب علم سکول وکالجز جانے کے بجائے ان سنوکر کلبوں میں اپنا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں جہاں وہ پیشہ ور افراد کے ہتھے چڑھ کر جرائم وکرائم کی دلدل میں پھنس جاتے ہیں علاوہ ازیں ان کلبوں میں رات گئے تک کھیلنے والے نوجوان اپنے گھروں کو جانے کے بجائے مبینہ طور پر چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مشغول ہوجاتے ہیں ان کلبوں میں آوارہ نوجوانوں کی اخلاق باختہ گفتگو، گالی گلوچ اور لڑائی جھگڑوں کی وجہ سے شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے متعدد سنوکر اور بلیئرڈ کلب مساجد ومدارس کے سامنے واقع ہیں جس سے نمازیوں کو نماز کی ادائیگی میں کافی پریشانی اٹھانا پڑتی ہے سیاسی وسماجی اورمذہبی حلقوں نے ارباب اختیار سے گلی محلوں میں قائم ان کلب نما جوئے کے اڈوں کو فوری ختم کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر