وزیر داخلہ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

وزیر داخلہ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سندھ کے وزیر داخلہ سہیل انور خان سیال کی صدارت میں منعقدہ ایک اعلی سطحی اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل آئی جی سندھ و ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، سی پی ایل سی چیف کے علاوہ موٹرسائیکل مینوفیکچر ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔وزیر داخلہ سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گذشتہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ جرائم کی روک تھام کے حوالے سے موٹر سائیکلوں میں ٹریکنگ ڈیوائسز کی تنصیب پر تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر فریم ورک ترتیب دیا جائے گا۔اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ لوگوں کی جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھارہی ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے اس موقع پرکہا کہ نئی اور پرانی تمام موٹر سائیکلوں میں سستے اور معیاری ٹریگنگ ڈیوائسز کی فوری تنصیب وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس حوالے سے ایسا میکنزم بنائیں جس سے تمام شہری اسفادہ کرسکیں۔اجلاس میں موجود تمام شرکاء کی جانب سے وزیر داخلہ سندھ کے موقف کی بھرپور تائید و حمایت کی گئی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ عوام کی جان و مال کو محفوظ اور جرائم کے مکمل خاتمے کے لئے ٹریکنگ ڈیوائسز کا نئی اور پرانی موٹر سائیکلوں میں نصب کرنا ناگزیر ہوچکا ہے ۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مفاد عامہ کے پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت قواعد وضوابط کے حوالے سے اسمبلی میں قانون سازی کے اقدامات کیئے جائیں تاکہ صوبے میں امن اور مستقل سکون کا خواب حقیقت کا روپ دھار سکے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول