بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے: سید علی گیلانی

بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ...
بھارت تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے: سید علی گیلانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سرینگر(این این آئی)مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت گزشتہ70 برسوں سے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سیدعلی گیلانی نے بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور ان کے مشن کو ہرقیمت پرپائیہ تکمیل تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ 7 دہائیوں کے دوران بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں 6 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید اور لاکھوں کی تعداد میں جوانوں، بزرگوں اور خواتین کو جیلوں میں نظربند کرکے انسانیت سوز سلوک کا نشانہ بنا چکے ہیں جبکہ اس دوران کھربوں روپے مالیت کی املاک کو بھی تباہ کیاگیا، بستیوں کو راکھ کے ڈھیربنادیاگیا،پھلوں کے باغات اور مویشیوں کو بھی نہیں بخشا گیا اور کشمیری خواتین کی عصمت تار تار کی گئی اور انہیں جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کیاگیا۔
سیدعلی گیلانی نے بھارت کے جبری قبضے سے آزادی حاصل کرنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا۔انہوں نے تمام شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم کشمیری شہداء کے مقروض ہیں اور انکے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کشمیری عوام پر زوردیا کہ وہ آئند انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کریں۔