ٹیکس نیٹ میں توسیع کے فوری اقدامات کئے جائیں‘ پیاف

ٹیکس نیٹ میں توسیع کے فوری اقدامات کئے جائیں‘ پیاف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (کامرس رپورٹر)پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے روشن مستقبل کیلئے ٹیکس کی بنیاد وسیع کرنے اور ٹیکس وصولیوں کی آمدن میں اتنا اضافہ کرنا ہو گا کہ ملکی و غیر ملکی قرضوں پر پاکستان کا انحصار کم ہو سکے ۔حکومت اپنے وعدوں کے مطابق ٹیکس نیٹ میں توسیع کے اقدامات کرے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندگان پر مزید ٹیکس نہ لگائے جائیں۔ اس وقت جی ڈی پی کے مقابلے میں ٹیکس کا تناسب کم ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت کیلئے قرضوں کی ضرورت پیش آرہی ہے ۔ٹیکس نہ دینے کے کلچر کی وجہ سے سے حکومتی ریونیو میں کمی ہورہی ہے اور اسے پورا کرنے کیلئے حکومتی قرضوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ نو منتخب حکومت کو ٹیکس کلچر بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ بیرون ملک پاکستان کا امیج بھی مزید بہتر بنانا ہو گا غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے بہتر ماحول پیدا کرنا ہو گا تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور حکومتی ریونیو میں اضافہ ہو سکے ۔


چیئرمین پیاف میاں نعمان کبیر نے سینئروائس چیئرمین ناصر حمید خان کے ہمراہ تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ادانہ کرنے کی ایک بڑی وجہ ٹیکس دہندہ اور ٹیکس گزار کے مابین اعتماد کا فقدان ہے جسے دور کیے بغیر محاصل میں اضافہ نہ ممکن ہے۔ضروری بات یہ ہے کہ ٹیکس دہندہ کو عزت ملے گی تو ٹیکس کلچر کی حوصلہ افزائی ہو گی اورٹیکس نیٹ میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح میں اضافہ کی فوری ضرورت ہے ۔جبکہ ملکی ترقی کیلئے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی بھی ضرورت ہے ۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج کو ایشیاء کی بہترین سٹاک ایکسچینج قرار دیا جارہا ہے ، سی پیک منصوبہ دنیا میں جاری سب سے بڑا ترقیاتی منصوبہ ہے55ارب ڈالرمالیت سے زائد کا پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کو تیز رفتار اقتصادی ترقی کی شاہراہ پر لے جائے گا، طویل ،کشادہ اور محفوظ سڑکیں ، توانائی کے منصوبے، انڈسٹریل پارکس اور گوادر بندرگاہ کا منصوبہ پاکستان کیلئے روشن مستقبل کی نوید ہے۔
*****
(خبرنمبر184)۔۔۔۔۔۔

مزید :

کامرس -