پشاور میں ایف پی سی سی آئی کے دفترکاقیام ضروری ‘ یوبی جی
پشاور(اے پی پی) یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)کے مرکزی ترجمان نے فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے پشاور میں فیڈریشن کی نئی عمارت کی فوری تعمیر کی منظوری کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور میں جدید دفتر کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔گزشتہ روز ایک بیان میں گروپ کے مرکزی ترجمان گلزار فیروز نے کہا ہے کہ گروپ کے قائدین افتخار علی ملک اورایس ایم منیر نے فیڈریشن کے مالی معاملات کو بہتر بناکر نہ صرف فیڈریشن کے فنڈز کا مثبت استعمال کیا ہے بلکہ چاروں صوبوں میں فیڈریشن کے دفاتر کی حالت زار کو بھی بہتر بنایا ہے،حال ہی میں گوادر میں فیڈریشن کے دفتر کا قیام بھی یو بی جی کے پلیٹ فارم سے فیڈریشن کے منتخب عہدیداران کا ہی کارنامہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز فیڈریشن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایگزیکٹو کمیٹی کے بیک وقت کراچی،لاہور اور اسلام آباد میں ہونے ولے اجلاس میں پشاور میں فیڈریشن کی نئی عمارت کی تعمیر کی منظوری دی گئی اور اس سلسلے میں افتخار علی ملک کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی قائم کی گئی جس میں یو بی جی کے سرپرست اعلیٰ اور سابق صدر ایف پی سی سی آئی ایس ایم منیر،سینیٹر الیاس احمدبلور،صدر فیڈریشن چیمبر غضنفربلور،سینئرنائب صدر مظہر علی ناصر، زبیر طفیل، حاجی افضل،زاہد شنواری،عبدالسمیع خان،انجینئرداروخان اور دیگر رہنما شامل ہیں۔گلزار فیروز نے کہا کہ یو بی جی بزنس کمیونٹی کو متحد رکھ کر معاشی مضبوطی کیلئے جدوجہد کررہا ہے اور، ہمیں متحد رہ کر ہی ملکی ترقی وخوشحالی اور کاروباری برادری کے مفاد میں کام کرنا ہوگا، ہمارا گروپ ایف پی سی سی آئی کو مضبوط کرنے اور مالی بدعنوانیوں کے خاتمے کیلئے بنایا گیا تھا اور ہمیں اس مقصد میں کامیابی ملی ہے،ہمارے تمام ہی صدور اور دیگر عہدیداران نے توقعات سے زیادہ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کرانے کیلئے جدوجہد کی۔انہوں نے فیڈریشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے قائم کئے گئے ڈیمز فنڈز میں ہرممبرسے عطیات دینے کی اپیل کو بھی سراہا اور کہا کہ ہمارے قائد ایس ایم منیر بھی فیڈریشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی موجودگی میں چیف جسٹس کے ڈیمز فنڈ میں عطیات دینے کا اعلان کرچکے ہیں اس لئے فیڈریشن کا ہر ممبر ڈیمز فنڈ میں جلد سے جلد عطیات جمع کرائے کیونکہ ڈیمز کی جلد سے جلد تعمیر پانی کی قلت پر قابو پانے اورپاکستان کی معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، مستقبل میں ممالک کے درمیان پانی کے حصول کیلئے ہی محاذ آرائی ہوگی جس کیلئے ہمیں کسی مخالفت کے بغیرپہلے سے ہی ڈیمز کی تعمیر کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھانے ہونگے۔