رانا مشہود کا موقف ذاتی تھا، اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں کی، حمزہ شہباز
لاہور( جنرل رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہاہے کہ قیادت نے رانا مشہود احمد کا موقف مسترد کردیا ہے، کیونکہ یہ ان کا ذاتی موقف تھا، ہم نے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی ڈیل نہیں کی،اگر ڈیل کرتا ہوتی تو لندن میں ہی کر لیتے۔ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ نواز شریف اپنی بیمار اہلیہ کو چھوڑ کر گرفتاری دینے کیلئے لندن سے لاہور پہنچے تھے،لہٰذا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کسی ڈیل کاتصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ الیکشن 2018ء میں پاکستان کے عوام نے اپنا ووٹ شیرکو دیا لیکن جعلی مینڈیٹوالے اقتدارمیں بیٹھ گئے۔حمزہ شہبازشریف نے کہاکہ گورنر ہاوس کھولنے اور وزیر اعظم ہاؤس کو لائبریری بنانے سے عوام کا پیٹ نہیں بھرے گا، آج ریڑھی بان بھی کہتے ہیں کہ ووٹ شیر کو دیئے۔ میڈیا کے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کیا عثمان بزدار کو اپنے دائیں بائیں قبضہ گروپ نظر نہیں آتے؟ کیا ان کو علیم خان اور پرویز الٰہی دکھائی نہیں دیتے؟ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بات نہ کریں اپوزیشن کا مزہ لینے دیں، (ن) لیگ نظریاتی جماعت ہے، فائٹنگ اسپرٹ سے لڑیں گے، اپوزیشن ہمارے لئے نئی بات نہیں، جمہوریت کی پٹری چلتی رہنی چاہیے، (ن) لیگ کو اقتدار کی حوس نہیں،قرضہ نہ لینے کے دعوے کرنیوالوں کے پول کھل رہے ہیں،اسد عمر نے کہا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائیں گے، آج کہتے ہیں پیسے نہیں ہیں مجبوری ہے۔