حکومت کرپشن کے خاتمے میں ضرور کامیاب ہوگی ، صدر مملکت
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ گروہی مفادات اور کرپشن ہے جس کے خاتمے میں حکومت ضرور کامیاب ہوگی ٗ پاکستان سے باہر گیا ہوا پیسہ واپس لانا اور سر مایہ کاری کیلئے ساز گار ماحول بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے ٗ ڈیم کی تعمیر کیلئے لوگوں سے فنڈ اکھٹا کرنے میں کوئی حرج نہیں، حکومت اور اپوزیشن کو اعتماد کی فضاء قائم کرنی ہوگی ٗ ذاتیات سے ہٹ کر پاکستان کے لئے سوچنا ہوگا، بھارت سمیت تمام ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں، قومی وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا، دہشتگردی کے خلاف افواج پاکستان کا کردار پوری دنیا کے لئے ایک مثال ہے ٗمالیاتی خسارے پر قابو پانے اور بیرونی قرضے اتارنے کے لئے حکومت کو سخت محنت کرنی پڑے گی ٗحکومت کی کوششوں سے لوگ جلد ایک چمکتا دمکتا پاکستان دیکھیں گے ٗچین پاکستان کا بہترین دوست ہے، سی پیک کے حوالے سے کوئی رکاوٹ آنے نہیں دیں گے۔ایک انٹرویومیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ گروہی مفادات اور کرپشن ہے، کرپشن ایک برائی ہے، جس کے خاتمے میں موجودہ حکومت انشاء اللہ ضرور کامیاب ہو گی، بدعنوانی کے خلاف جنگ میں معاشرے کے لوگوں کو بھی کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ ایک معاشرتی برائی ہے، ہم اگر چوروں کا مقابلہ کریں گے تو گاڑی کا پہیہ چلے گا اور ملک ترقی کریگا ۔