اپوزیشن زمینوں پر قبضے سے متعلق میرے خلاف مقدمات سامنے لائے،علیم خان
لاہور( جنرل رپورٹر،نمائندہ خصوصی،لیڈی رپورٹر) پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مجھ پر قبضوں کا الزام لگانے والوں نے 10سالہ حکومت کے دوران کتنی زمینوں کی نشاندہی کی ، کوئی ایف آئی آر درج ہے تو سامنے لائی جائے،قوم سے مسلسل جھوٹ بولنے والوں کو شرم آنی چاہیے ،میں جواب میں ایسا نہیں کروں گا بلکہ پہلے مقدمہ درج کرواؤں گا پھر الزامات کی بات ہو گی۔پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے خزانہ خالی کر دیا جبکہ آئندہ ہفتے سے ہر محکمہ بتائے گا کس طریقے سے مال لوٹا گیا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کی شکل میں نیا سکینڈل سامنے آنے والاہے جس کیلئے سابقہ حکومت نے سرپرستی کی۔ایک اور سوال پر عبدالعلیم خان نے کہا کہ رانا مشہود مسلسل 10برس اقتدار میں رہنے کے بعد اب صدمے کی حالت میں ہیں اُن سے ہمدرد ی ہے،امید ہے اُن کی"صحت"جلد بہتر ہو گی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ انہوں نے بطورپارٹی صدر سینٹرل پنجاب سے800لوگوں کے انٹر ویو کیے اُن میں کوئی "بم"یا"میزائل"بھی آ گیا ہوگا جس کا اُن سے یا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔دریں اثناء سینیٹ الیکشن میں کامیابی پر عبدالعلیم خان نے نو منتخب سینیٹر شہزاد وسیم کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کی اکثریت ثابت ہو گئی ۔نو منتخب سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے اپنی کامیابی کو عمران خان اور تحریک انصاف کی مرہون منت قرار دیا۔