ایران ، پاکستان میں دوریاں پیدا کرنیکی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے ، جام کمال ، مہندی ہنر دوست کا عزم
کوئٹہ (این این آئی )وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور ایران کے سفیر مہد ی ہنردوست نے دونوں ممالک اور بالخصوص پاکستانی صوبہ بلوچستان اور ایرانی صوبہ سیستان بلوچستان کے مابین اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے مزید فروغ ، پارلیمینٹیرینز کے وفود کے تبادلوں اور دونوں ممالک میں تجارتی حجم میں اضافے کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وقت کیساتھ ساتھ ان شعبوں میں تعاو ن کو مزید فروغ ملے گا ،وزیراعلیٰ سے ایرانی سفیر نے بدھ کے روز ملاقات کی ،جس میں امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود صدیوں پر محیط مثالی تعلقا ت ہیں اورگزشتہ دو برسوں کے دوران پاکستان اور ایران کا تجارتی حجم بڑھ کر 1.3ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں آئندہ برسوں میں مزید اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی، ایرانی سفیر نے کہا انکا ملک پاک ایران گیس پائپ لائن کے منصوبے کی جلد تکمیل کا خواہشمند ہے، انہوں نے بتایا ایران کے نجی شعبہ کی ایئرلائن جلد کوئٹہ زاہدان کے درمیان فضائی سروس کا آغاز کرے گی، وزیراعلیٰ نے ایرانی سفیر کے موقف سے اتفاق کیا اور کہا ایران عالمی تجارتی پابندیوں کا استقامت کیساتھ سامنا کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کررہا ہے اور ایران کی جانب سے پاکستان کیساتھ اقتصادی وتجارتی روابط کے فروغ کیلئے کئے جانیوالے اقدامات قابل تعریف ہیں، دونوں ممالک میں بہت زیادہ مماثلت ہے ، سرحدی علاقوں کے دونوں جانب رہنے والے بلوچ قبائل کے درمیان خونی رشتے موجود ہیں اور بلوچستان کے سرحدی علاقوں میں ایرانی مصنوعات کا استعمال عام ہے۔ پاکستان، ایران اور افغانستان پر مشتمل خطہ توانائی کے وسائل اور معدنیات سے مالامال ہے جن کی ترقی کیلئے یہ ممالک مشترکہ طور پر کام کرکے بین الاقوامی مار کیٹ پر اثرانداز ہوسکتے ہیں، ملاقات میں زائرین کو تحفظ اورسہولتوں کی فراہمی دونوں ممالک کی سرحد پر مزید دو مقامات پر آمدورفت کی سہولتوں کی فراہمی، چاہ بہار اور گوادر کے درمیان ریلوے سروس کے آغاز اور کوئٹہ تفتان روڈ اور ریل لنک کی بہتری سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔