ایشیائی خطے کی ترقی میں چین کا کردار اہم ہے، صادق سنجرانی

ایشیائی خطے کی ترقی میں چین کا کردار اہم ہے، صادق سنجرانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (این این آئی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ایشیائی خطہ نئے انداز میں ابھر رہا ہے جس میں چین کا کردار اہم ہے،پاکستانی سیاسی قیادت چین کیساتھ دوستی پر متفق ہے ،خواہش ہے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جایا جائے۔چیئرمین سینیٹ نے یہ بات بدھ کو چینی سفیر یاؤ جنگ سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت چین کے ساتھ دوستی پر متفق ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ خطے کے مسائل کو پر امن طریقے سے حل کیاجائے اور ترقی کیلئے راہیں ہموار کی جائیں ۔
چیئرمین سینیٹ نے سفیر کو بتایا کہ ایشیائی اسمبلی کے سیاسی امور کی کمیٹی اور ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے قیام کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس اکتوبر کے مہینے میں گوادر میں ہورہا ہے اور چین اس اہم اجلاس میں شرکت کو یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ گوادر کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ گوادر وہ شہر ہے جس نے مستقبل میں تجارتی سرگرمیوں کے ذریعے پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کردار ادا کرنا ہے ۔چین کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کو اپنا اہم شراکت دار سمجھتا ہے اور ہماری خواہش ہے کہ ان تعلقات کو مزید وسعت دی جائے اور تجارت کیلئے نئی راہیں ہموار کی جائیں ۔ انہوں نے چین کے قومی دن کے موقع پر بطور مہمان خصوصی شرکت پر چیئرمین سینیٹ کو شکریہ ادا کیا ۔
صادق سنجرانی

مزید :

علاقائی -