شہید وقاص علی کی بیوہ کو گھر کی خریداری کیلئے امدادی چیک
لا ہو ر (کر ائم رپو رٹر)لاہور پولیس کی جانب سے پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے لیے بنائی گئی ویلفیئر آئی کے ذریعے شہداء، دوران سروس وفات اور میڈیکل گراؤنڈ پر ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کے ورثاء کی امداد کا سلسلہ جاری ہے اس سلسلہ میں شہید ہونیوالے اہلکار وقاص علی کی بیوہ کو گھر کی خریداری کیلئے امدادی چیک دیا گیا۔ سی سی پی او آفس میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے کانسٹیبل وقاص علی کی بیوہ کو گھر کی خریداری کیلئے امدادی چیک دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایس ایس پی ایڈمنسٹریشن اویس احمد ملک نے امدادی چیک ان کی فیملی کے حوالے کیا۔اس موقع پر ایس ایس پی ایڈمن اویس احمد ملک نے کہا کہ لاہور پولیس کے اہلکار ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور لاہور پولیس اپنے اہلکاروں کی خدمات کو سراہتی ہے اور شہداء کے ورثاء کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ اْنہوں نے ویلفیئر آئی کے سٹاف کو خصوصی ہدایت کی کہ پولیس اہلکاروں کی بیوگان سے رابطے میں رہیں اور ان کی ہر طرح سے امدادو راہنمائی کو یقینی بنائیں۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ویلفیئر آئی ایس ایم ایس سروس کے ذریعے انتہائی قلیل عرصہ میں پولیس اہلکاروں کی مالی امداد کے کیسز مکمل کیے جا رہے ہیں اور بروقت واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔اس موقع پر شہید کانسٹیبل کے والد اور بیوہ نے سی سی پی او لاہوربی اے ناصر اور ایس ایس پی ایڈمن اویس احمد ملک کا شکریہ ادا کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔