چوہدری سرور کی خالی کردہ سینیٹ نشست پر ضمنی الیکشن ، پی ٹی آئی کے شہزاد وسیم کامیاب
لاہور (جنرل رپورٹر، نمائندہ خصوصی ) گورنرپنجاب چوہدری سرور کی جانب سے چھوڑ ی گئی سینیٹ کی نشست پر ضمنی الیکشن مکمل ہوگیا ،نتائج کے مطا بق تحریک انصاف کے امیدوار ڈاکٹر شہزاد 181ووٹ لیکر کامیاب قرارپائے جبکہ مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار خواجہ احمد حسان نے 169 ووٹ حاصل کر سکے ،الیکشن میں پی ٹی آئی اور پی ایم ایل ن کے نامزد امیدواروں کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ تھا جبکہ پریذا ئیڈنگ آفیسر کے فرائض الیکشن کمیشن پنجاب نے ادا کئے، سینیٹ کی خالی نشست پر ضمنی الیکشن میں حق رائے دہی ادا کرنے کا وقت صبح نو بجے سے شام چار بجے تک تھا جو دن بھر بغیر کسی وقفے کے جاری رہا ، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی تعداد 174 جبکہ پی ٹی آئی کو 2 آزاد امیدواروں کی حمایت بھی حاصل تھی ،اس طرح پیپلزپارٹی کے سات اراکین اسمبلی نے مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ احمد حسان کی حمایت کرتے ہوئے انہیں اپنے ووٹ کاسٹ کئے ، پنجاب اسمبلی کے اراکین کی مجموعی تعداد 353 جبکہ 351اراکین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا جس میں سے ایک ووٹ مسترد کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار ،صوبائی وزراء مشیران اور اراکین اسمبلی کی کثیر تعداد نے اپنے ووٹ ڈالے ۔بعدازاں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ڈاکٹر شہزاد وسیم کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تہنیتی پیغام میں کہا شہزاد وسیم کی جیت وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کی فتح ہے، امید کرتا ہوں شہزاد وسیم بھی نئے پاکستان کی تعمیر میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ سینیٹ ضمنی الیکشن کی طرح ضمنی انتخابات بھی پی ٹی آئی ہی جیتے گی۔