کرپشن ایک کینسر ، طالب علموں کو آگاہی کردار سازی کیلئے 55ہزار انجمنیں قائم کیں ، چیئرمین نیب
اسلام آباد (اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی ایک کینسر کی طرح خاموش قاتل ہے، نیب ہر قسم کی بدعنوانی سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اور اس کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے، نیب واحد ادارہ ہے جس نے نوجوانوں کو اوائل عمری میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ملک بھر میں طالب علموں کی کردار سازی کی 55 ہزار انجمنیں قائم کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں نیب کے آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی ترقی و خوشحالی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے جس کے باعث میرٹ پر آنے والے حقدار لوگ اپنے حق سے محروم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر اینٹی کرپشن آرگنائزیشنز کے مقابلہ میں نیب کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پاکستان واحد ملک ہے جس کا کرپشن پرسپشن انڈیکس 175ویں سے 116ویں نمبر پر آ گیا ہے، پاکستان سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے جو کہ پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، اس وقت نیب واحد ادارہ ہے جس نے نوجوانوں کو اوائل عمری میں بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کرنے کیلئے ملک بھر میں طالب علموں کی کردار سازی کی 55 ہزار انجمنیں قائم کی ہیں۔
چیئرمین نیب