کنٹونمنٹ بورڈ میں تجاوزات کرنے پر 4 گرفتار ،ایک ٹرک سامان ضبط
پشاور(سٹی رپورٹر )کنٹونمنٹ بورڈ پشاور نے مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ 1 ٹرک سامان ضبط کرلیا ۔ کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر رانا خاور کی ہدایت پر کنٹونمنٹ مجسٹریٹ قرۃ العین وزیر نے ٹریفک ایس ایچ او علی گوہر ‘ ایس ایچ او کابلی نور محمد ‘ سٹی ٹریفک انچارج معاذ اللہ اور انفورسمنٹ سٹاف نے کینٹ میں واقع سینما روڈ ‘ باجوڑی گیٹ ‘ سینما روڈ ‘ بالا حصار روڈ پر دکانوں کے باہر قائم تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ عارضی تجاوزات کا خاتمہ کر کے ایک ٹرک سامان ضبط کر کے بازاروں کو عوام الناس کی آمد ورفت کے لئے کلےئر کردیا ۔ واضح رہے کہ مذکورہ دکانداروں کو اس سے پہلے دکانوں کے باہر عارضی تجاوزات خاتمے کے لئے نوٹسز دےئے گئے تھے کہ دکانوں کے باہر سے عارضی تجاوزات ختم کردیں بصورت دیگر کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ کینٹ مجسٹریٹ قرۃ العین وزیر نے میڈیا کو بتایا کہ شعبہ بازار ‘ خیبر بازار ‘ باجوڑی گیٹ ‘ ڈبگری گارڈن روڈ ‘ لیڈی ریڈنگ ہسپتال روڈ ‘ بالا حصار روڈ ‘ اشرف روڈ ‘ ناز سینما روڈ و ملحقہ بازاروں میں روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائیگا جس میں دکانوں کے باہر سامان کی ضبطگی اور مالکان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی تاکہ بازاروں کو تجاوزات سے پاک کر کے عوام الناس کو ریلیف مل سکے ۔