وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدو عتین کی ملاقات
اسلام آباد(پ ر) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری سے رابطہ عالم اسلامی اور انٹرنیشنل اسلامک ریلیف آرگنائزیشن کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدو عتین نے آج بدھ کے روز ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں باہمی تعاون اور دلچسپی کے کئی امور زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ سعودی عرب بہترین دوست ہے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی فلاحی اداروں کے منصوبے پاکستان کے مستحق افراد کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی کا سبب ہیں۔ ایسے پراجیکٹ متعارف کروائے جائیں جن سے مستحق افراد کو امداد کی بجائے روزگار کے مواقع ملیں۔وفاقی وزیر نے ڈاکٹر عبدو عتین کو بتایا کہ سابقہ فاٹامیں سماجی شعبوں کی ترقی کیلئے بہت کام کی ضرورت ہے۔ انٹرنیشنل اسلامک ریلیف اسلامی ممالک کی مستحق آبادی کیلئے شاندار خدمات سر انجام دے رہی ہے۔ اسلامک ریلیف دنیا میں مصائب ، غربت اور بیماریوں کے خلاف اسلامی تعلیمات کے مطابق کام کر رہی ہے۔ رابطہ عالم اسلامی نے مختلف اسلامی ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔