چکوال،سول عدالت کا غیرقانونی ٹرانسپورٹ اڈے بس اسٹینڈ منتقل کرنیکاحکم
چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) مقامی سول عدالت نے چکوال شہر میں قائم ٹرانسپورٹ کے تمام غیر قانونی اڈے شہر سے باہر بلدیہ کے جنرل بس اسٹینڈ میں منتقل کرنے کا حکم دیدیا۔ عدالت کے حکم کے مطابق پندرہ اکتوبر تک یہ تمام اڈے چکوال شہر سے ختم کیے جائیں گے۔ چیف افسر بلدیہ سبط الحسن گوندل نے اسسٹنٹ کمشنر چکوال محسن اقبال کے ہمراہ جہلم روڈ پر قائم ایک غیر قانونی اڈے کو ختم کرادیا ہے۔ چیف آفیسر سبط الحسن گوندل نے بتایا کہ چکوال شہر میں بھون روڈ،آڑہ بازار، تلہ گنگ روڈ اور کئی دیگر مقامات پر سات کے قریب چھوٹے بڑے اڈے کام کررہے ہیں جن کو فوری طور پر ختم کرایا جائے گا۔ چیف افسر نے بتایا کہ چکوال شہر میں قائم الائنس ٹریول اور ہمسفر ٹریول کے بھی لائسنس کی جانچ پڑتال کی جائے گی اور قانون ضابطے کے مطابق جو گاڑیاں ان اڈوں پر چلائی جانی ہیں اس کے علاوہ دیگر تمام گاڑیاں جن کا لائسنس مذکورہ دونوں بڑے اڈوں کے پاس نہیں ہے وہ گاڑیاں بھی جنرل بس اسٹینڈ میں منتقل کی جائیں گی۔ معلوم ہوا ہے کہ چکوال شہر کے اڈے چھوٹی ویگنوں اور ہائی ایس کیلئے ہیں اور یہ ڈی کلاس ہیں جبکہ بڑی کوچوں کیلئے علیحدہ لائسنس ہے اس کے بارے میں ابھی تصدیق نہیں ہوسکی کہ وہ مذکورہ دونوں اڈوں کے پاس لائسنس ہے کے نہیں۔ الائنس ٹریول کے چیف ایگزیکٹو صوفی مشتاق بھٹی نے بتایا کہ ہمارے پاس ڈی کلاس لائسنس ہے اور جس میں چھ ویلر گاڑیاں چلانے کی اجازت ہے ، انہوں نے کہا کہ شہر کے دونوں بڑے اڈے لائسنس کے مطابق کام کررہے ہیں اور کسی غیر قانونی عمل میں شامل نہیں۔
B