اسلام آباد (این این آئی) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے اپوزیشن کو حکومت کے خلاف ایک پیج پر لانے کیلئے ایک بار پھر کوششیں شروع کر دی ہیں ٗ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے سے ملاقات میں متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا ہے جبکہ مولانا فضل الرحمن نے کہاہے کہ عنقریب متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلائیں گے ٗپارلیمنٹ کے اندر اور باہر کے امور پر غور کرینگے ۔ بدھ کو پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے ملاقات کی جس میں اپوزیشن کا اجلاس جلد بلانے پر بات ہوئی ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ تحریک انصاف چرائے ہوئے مینڈیٹ پر حکومت کررہی ہے ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ شہبازشریف سے مثبت اقدام پرحمایت پراتقاق ہوا ہے، ہمیں حقائق کی طرف جانا ہے، چرائے گئے مینڈیٹ پرحکمران حکومت کررہے ہیں، وہ خود کہتے ہیں ہماری پشت پر ادارے ہیں جہاں فوج اور عدلیہ پر الزام لگایا جاتا ہے وہ دنیا کو پیغام دے رہے ہیں ۔ملاقات کے بعد میڈیا سے با ت چیت کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ اپوزیشن کا اجلاس جلد بلایا جائیگا، موجودہ حکومت دھاندلی سے وجود میں آئی۔انہوں نے کہاکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ عموماً اپوزیشن کو دی جاتی ہے ،اس روایت کو توڑنا پارلیمنٹ پر حملہ ہوگا ٗاگر ایسا ہوا تو تمام اپوزیشن جماعتیں اس میں نمائندگی سے انکارکردیں گی۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ رانا مشہود کے بیان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے، ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے رانا مشہود کی پارٹی رکنیت معطل کردی ہے،پنجاب حکومت گرانے والی کوئی بات نہیں، پارلیمانی اصولوں پر قائم ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری بطور اپوزیشن پارٹی کے معمول کی ملاقات تھی ٗحذب مخالف کی جماعتوں کے امور پر بات چیت کی ٗمولانا فضل الرحمن اپوزیشن الائنس کے کنوینر ہیں ٗمولانا فضل الرحمن سے متحدہ اپوزیشن کا اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے ٗدھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی کی تحقیقات سے متعلق گفتگو ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ منی بجٹ سے وزیر خزانہ نے جو گفتگو کی اس کا جواب دیا ٗانکی کئی باتوں کی تصحیح کی ٗپاکستان میں بجلی کے بدترین اندھیروں کو ختم کرنے کیلئے نواز شریف نے اپنے وعدے پورے کئے ٗآج ملک میں بجلی اتنی موجود ہے کہ لوڈ شیڈنگ کا کوئی جواز نہیں ۔مسلم لیگ (ن) کے صدرشہبازشریف رانا مشہود کے بیان سے متعلق صحافی کے ’’ڈیل ‘‘ کے سوال پر ناراض ہوگئے۔ بدھ کو احتساب عدالت آمد پر مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے صحافیوں نے رانا مشہود کے بیان پر سوالات کیے۔شہبازشریف نے کہا کہ رانا مشہود کے بیان پر پارٹی نے مؤقف دے دیا ہے ٗ انہوں نے غیر ذمہ دارانہ بات کی جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کروں گا۔ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا کوئی ڈیل ہوئی ہے؟ جواب میں شہباز شریف نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایسی بات کریں جس کا کوئی سر پیر ہو۔
شہباز شریف