تمام سرکاری حکام،شہری،علماء اور نجی ادارے اس مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا رکیں :شہرام تراکئی
پشاور( سٹاف رپورٹر)’’کلین پاکستان مومنٹ‘‘ کے حوالے سے صوبائی سطح پر قائم ٹاسک فورس کا پہلا باضابطہ اجلاس صوبائی وزیر بلدیات اور ٹاسک فورس کے سربراہ شہرام تراکئی کے زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ملک بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی اس مہم کا آغاز کرنے اور اسے کامیاب بنانے کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے ذمے کاموں اورسرگرمیوں اور اس مہینے کی 7تاریخ کو اس تحریک کے باقاعدہ اجراء کے حوالے سے تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلا س میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس سلسلے میں اپنے اپنے حصے کی سرگرمیوں کے بارے میں انفرادی پلانز تشکیل دے کر پیش کریں تاکہ ان کی روشنی میں صوبائی سطح پر ایک جامع اور قابل عمل پلان تشکیل دیا جائے اوراس پلان پر عمل درآمد کیلئے محکموں کو ذمہ داریاں سونپی جائیں۔ اراکین کابینہ ضیا ء اللہ بنگش، محب اللہ خان اور عبدالکریم خان کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری برائے وزیراعلیٰ، سیکرٹری بلدیات ، سیکرٹری اطلاعات اور دیگر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلا س میں شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 7اکتوبر کو اس مہم کے باقاعدہ اجراء اور صوبے بھر میں صفائی و ستھرائی کے عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری و ساری رکھنے کیلئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے فوکل پرسنز مقرر کرکے ان کے درمیان کوآردینیشن کا ایک مضبوط میکنزم بنایا جائیگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ڈویژن کی سطح پر کمشنرز، اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز جبکہ تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز کو ’’کلین پاکستان مومنٹ‘‘ کے حوالے سے اٹھائی جانے والی تمام اقدامات اور سرگرمیوں کی نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔ٹاسک فورس نے فیصلہ کیا کہ اس حوالے سے عوام کو آگہی دینے اور ان کی ذہن سازی کیلئے بڑے پیمانے پر آگہی مہم چلائی جائے گی جس کیلئے ذرائع ابلاغ، علماء، تعلیمی اداروں، منتخب نمائندوں اور نامور شخصیات کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس کے سربراہ اور صوبائی وزیر بلدیات شہرام تراکئی نے کہا کہ ’’کلین پاکستان مومنٹ‘‘ ایک اہم قومی مہم ہے جس کو کامیاب بنانا کسی ایک محکمے یا ادارے کی ذمہ داری نہیں بلکہ تمام محکموں ، اداروں، شہریوں، علمائے کرام، منتخب نمائندوں ، اساتذہ، طلباء، ذرائع ابلاغ اور معاشرے کے ہر طبقے کو اس اہم تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے طویل المدتی، وسط المدتی اور قلیل المدتی پلانز تشکیل دیں