سیاحت کو آمدن کے حصول کیلئے موثر ذریعہ بنائیں گے :محمد عاطف خان
پشاور( سٹاف رپورٹر) سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے کہاہے کہ سیاحت کے فروغ کیلئے سیاحتی مقامات کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر یقینی بنانا ہوگا، حکومت کی پہلی ترجیح مقامی سیاحت کو فروغ دینا ہے جس کے بعد اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سیاحوں کو اس جانب راغب کرینگے، وزیراعظم عمران خان نے ملک میں سیاحت کی ترقی کیلئے ٹاسک فورس بنا لیا ہے جس کی سربراہی وہ خود کرینگے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کراچی کے موقع پر پاکستان ٹریول مارٹ 2018 میں صوبے کی نمائندگی کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ سیاحت بابر خان، جنرل منیجر ٹورسٹ انفارمیشن سنٹر محمد علی سید اور دیگر موجود تھے، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان نے اس موقع پر ٹریول مارٹ کا فیتہ کاٹ کر افتتاح بھی کیا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم کے بعد وفاق میں سیاحت کے فروغ کیلئے کوئی ادارہ نہیں بنا اور نہ گذشتہ حکومتوں نے سیاحت کیلئے اقدامات اٹھائے، تاہم تحریک انصاف کی حکومت نے سیاحت کے فروغ اور رونمائی کیلئے اقدامات اٹھائے، ہماری کوشش ہے کہ سیاحت کو آمدن کے حصول کیلئے موثر ذریعہ بنائیں اور سیاحت کی ترقی کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں گے، ملک میں سیاحت کے فروغ سے ملک کی معیشت مستحکم ہو گی اور ملک ترقی کریگا، تمام صوبوں کو مل کر ملک میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھانے ہونگے،خیبرپختونخوا پویلین میں سیاحتی ڈاکومنٹریز نشر کرنے کے علاوہ سٹالز میں دستکاری اشیاء،ہینڈی کرافٹ، براؤشرز، کالاش پویلین، مہمانوں کیلئے سوینئرزاور موسیقی سمیت بہت کچھ رکھا گیا ہے،سینئر صوبائی وزیر نے اس موقع پر خیبرپختونخوا پویلین کا دورہ بھی کیا،سینئر صوبائی وزیر ایکسپو میں خیبرپختونخوا کے شعبہ سیاحت کا پلان بھی پیش کرینگے اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاروں سے ملاقات بھی کرینگے، سینئر صوبائی وزیر عاطف خان کراچی میں دود ن کے قیام کے دوران مختلف سیاسی و سرکاری شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے،پاکستان ٹریول مارٹ2018 میں صوبہ خیبرپختونخوا سمیت بلوچستان، سندھ، پنجاب، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر سمیت مختلف ٹریول ایئرلائنز اور دیگر نے اپنے سٹالز لگائے ہیں۔