لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی ،فاروق ستار و دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار ودیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیاہے۔بدھ کوجوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ایم کیوایم پاکستان کے سینئررہنماڈاکٹرفاروق ستار اور دیگر کے خلاف لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔اس موقع پر ڈاکٹرفاروق ستار عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران عدالت نے فاروق ستار اور دیگر پر فرد جرم عائد کردی، تاہم انہوں نے صحت جرم سے انکار کیا۔عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرتے ہوئے لاؤڈ اسپیکر ایکٹ خلاف ورزی کے دونوں مقدمات کی سماعت 17 اکتوبر تک ملتوی کردی۔واضح رہے کہ فاروق ستار پر لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی اور دیگر الزامات کے تحت دو مقدمات سولجر بازار اور نیو ٹاؤن تھانوں میں درج ہیں،ان مقدمات میں خالد مقبول صدیقی، حیدر عباس رضوی و دیگر کو اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہمارا حکومت سے معاہدہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہے، یہ معاہدہ لالی پاپ ثابت نہیں ہونا چاہیے، میں وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وزراء کو بتانا چاہتا ہوں کہ لالی پاپ والا تاثر ختم کیا جائے اور ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر عمل کیا جائے، کراچی کی ترقی اور پانی سمیت لاپتہ افراد کی بازیابی معاہدے میں شامل تھا اور اب ہماری بہنیں اور بیٹیاں غیر محفوظ ہیں، علاقے کے لوگوں کو کمیونٹی پولیس میں شامل کرنا چاہئے۔فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ گیس، بجلی اور تیل کی قیمتیں کم کی جائیں۔ غریب عوام پر ٹیکس زیادہ ہیں شیئر ٹیکس میں کمی کی جائے اگر تیل، گیس اور عوام پر ٹیکس کم نہیں کیے گئے تو معیشت میں بہتری نہیں آسکے گی۔انہوں نے کہاکہ میں عمران خان کی توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ بجٹ میں ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے مہنگائی اور غربت میں کمی آئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی بجٹ سے عوام کو ریلیف نہیں مل رہا 100 کے دن منصوبے میں دعوے کچھ اور ہیں اور بجٹ میں کچھ اور ہے۔انہوں نے کہا کہ دوست ملک چین کے ساتھ ہماری پارٹنر شپ ہے اگر چین سرکلر ریلوے کے لیے تیار ہے تو کراچی والوں کو یہ سب ملنا چاہیے جب کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر اسد عمر کی بجٹ تقریر میں کہیں بھی کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کی بات نہیں تھی۔فاروق ستارنے کہاکہ کراچی میں بچوں کے اغوا کا معاملہ سنجیدہ ہے اس پر صوبائی حکومت کو خاص توجہ دینی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ جھوٹے مقدمات یا توختم ہوں یا جلدی چلیں